ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میٹی معاملہ، سدرامیا کی پریشانیوں میں اضافہ کا سبب

میٹی معاملہ، سدرامیا کی پریشانیوں میں اضافہ کا سبب

Fri, 16 Dec 2016 19:03:49    S.O. News Service

بنگلورو۔15؍دسمبر(ایس او نیوز) سیکس اسکینڈل میں ملوث ریاستی وزیر ایچ وائی میٹی کے استعفیٰ کے ساتھ وزیراعلیٰ سدرامیا کی پریشانیاں ختم ہوجانے کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ کیونکہ ایچ وائی میٹی کا معاملہ ریاست کی اپوزیشن پارٹیوں کے ہاتھوں ایک ہتھیار کی طرح لگ گیا ہے۔ وزیر ایکسائز میٹی نے حالانکہ ان کا متنازعہ ویڈیو فاش ہوتے ہی کل عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا ، اس کے باوجود بھی ایسا نہیں لگتاکہ یہ معاملہ جلد ختم ہونے والا ہے۔اپوزیشن پارٹی اسی مسئلے کو سامنے رکھ کر حکومت کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں۔اس کے علاوہ بعض وزراء اور سینئر کانگریس لیڈروں کی طرف سے ایچ وائی میٹی کی حرکت اور ان کا دفاع کرنے وزیراعلیٰ اقدام کی کھل کر مذمت کی ہے۔ان لیڈروں کے بیانات کی وجہ سے حکومت کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض کانگریس لیڈران وزیراعلیٰ سدرامیا کی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں اور پچھلے ساڑھے تین سال میں ریاست کے انتظامیہ کو بری طرح ناکام قرار دینے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ ایچ وائی میٹی کے ویڈیو کو منظر عام پر لانے والے آئی ٹی آئی کارکن راج شیکھر کا یہ بیان کہ دو اور وزراء کی کالی کرتوت بہت جلد اسی طرح منظر عام پر لائی جائے گی۔سدرامیا کی نیند حرام کرنے کا سبب بن گیا ہے۔راج شیکھر نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک رکن اسمبلی کو بھی جلد ہی بے نقاب کیاجائے گا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس سلسلے میں دستاویزات اس کے پاس موجود ہیں ، وقت آنے پر وہ اسے فاش کردے گا۔وزیراعلیٰ سدرامیا اس طرح کے دعویٰ سے پریشان ہیں۔ حال ہی میں ٹیپو سلطان جینتی کے دوران وزیر تعلیمات تنویر سیٹھ کی طرف سے فحش مناظر دیکھے جانے کے الزامات پر اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیاتھا ، ابھی یہ معاملہ سرد نہیں ہوا کہ میٹی کا معاملہ سامنے آگیا۔ وزیر اعلیٰ سدر امیا نے حال ہی میں یہ بیان دیاتھاکہ پچھلے ساڑھے تین سال سے ان کی حکومت کسی طرح کے گھپلوں میں ملوث نہیں ہے۔ لیکن اس کے فوراً بعد یکے بعد دیگرے ایسے معاملات کے باہر آنے کی وجہ سے حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا جارہاہے۔


Share: